ہندوستان کشمیریوں پرمظالم بندکرے،پاکستان کی مذاکرات کیلئے شرط

Muhammad Dastagir 10 Apr, 2021 عالمی

ملتان(اردوویب نیوز )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان کشمیریوں پر مظالم بند کرے تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔اندرونی دباﺅ کی وجہ سے بھارت کے رویہ میں کسی حد تک لچک آئی ہے لیکن ہم کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے،ہندوستان کے ساتھ مسائل کا حل جنگ نہیں ہے۔ دو ایٹمی طاقتیں جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتیں ۔ مذاکرات کے علاوہ امن کے لیے اور کوئی راستہ نہیں ہے۔بھارت کے ساتھ مذاکرات کا مطلب یہ نہیں کہ کشمیر کا سودا کر دیا ہے۔کشمیر کے لوگوں کو اگر کوئی ریلیف ملتا ہے تو اچھا ہے۔بے ساکھی کے تہوار کے لیے پاکستان سکھ یاتریوں کی میزبانی کو تیار ہے۔سکھ یاتری اپنی حکومت کو منا لیں اور آنے کی اجازت لے لیں۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن رمضان ریلیف پیکیج کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے کل لاہورمیں جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی و وزراءسے وزیراعلیٰ کی موجودگی میں ملاقات کی۔جس میں انہوں نے 29 مارچ کواختیارات سلب کرنے والا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دسمبر2020 کا نوٹیفکیشن کابینہ نے منظورکیا تھا۔ملاقات میں ہم نے جنوبی پنجاب پر اٹھنے والے سوالات کو آگے بڑھایا۔وزیراعظم جلد ملتان اوربہاولپورمیں سیکریٹریٹ کا بنیادرکھیں گے، ماضی میں جنوبی پنجاب کیلئے مختص رقم دوسرے منصوبوں پرلگادی جاتی تھی۔شہباز شریف کا دعویٰ تھا جنوبی پنجاب میں 33فیصد فنڈز ترقیاتی منصوبو ںپر لگائے گئے۔ہم نے ریکارڈ چیک کیا تو پتہ چلا مجموعی طور پر 17فیصد فنڈز جنوبی پنجاب کی ترقی پر خرچ ہوئے تھے باقی دوسرے اضلاع میں منتقل کر دیئے جاتے تھے۔ انہوں نے کہااب ایسا نہیں ہوگا، جنوبی پنجاب کے لئے مختص ترقیاتی فنڈز جنوبی پنجاب کی ترقی پر ہی خرچ ہونگے۔انہوں نے کہا اگلے سال پنجاب کے آنے والے بجٹ میں جنوبی پنجاب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام علیحدہ ہوگا اور اے ڈی پی میں تمام ترقیاتی منصوبے واضح طور پر شامل ہونگے۔اس سلسلے میں پنجاب کے وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی سربراہی میں سب کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔جو مزید بزنس رولز پر اپنی سفارشات پیش کریگی۔ وزیراعظم نے ہماری سفارش پر جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کی بہتری کیلئے ملازمتو ںمیں الگ کوٹہ کی منظوری دیدی ہے۔ جس کی بدولت جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو ملازمتوں میں آگے آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر کیلئے فوری فنڈزکے اجرا کی ہدایت کی ہے اور70 کروڑروپے فنڈز کی پہلی قسط کل ریلیز کر دی گئی جبکہ ملتان میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کیلئے چار ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔جس کا ٹینڈر جاری ہونے کے بعد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔اس ماں بچہ ہسپتال کو نشتر ہسپتال کے ساتھ منسلک کیا جائے گا یہ منصوبہ نشتر 3 ہوگا ۔انہوں نے کہا ہمارا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی کوکنٹرول کرنا ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ہمارا مقابلہ بہت بڑے مافیا سے ہے۔ ہمیں سامنا ہے، مافیا، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروںہم ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔وزیراعظم مہنگائی پرہرہفتے بریفنگ لیتے ہیں، پاکستان کا روپیہ اب مستحکم ہونا شروع ہوگیا، روپے کی بہتری سے امپورٹڈ اشیا کی قیمتوں پرفرق پڑے گا ۔ڈالر کی قیمت166سے کم ہو کر 152 پر آگئی ہے۔جس کا اثر ہماری اکانوی پر ہوا ہے۔جس کی بدولت روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے۔انہوں نے کہا حکومت نے رمضان پیکج کے لیے اربوں روپے کی گرانٹ مختص کی گئی۔وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ رمضان میں شہریوں کو سستی اشیاءفراہم ہوں ۔ رمضان میں رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے جنہیں بعد میں سہولت بازار میں تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ایک دہائی کے بعدروس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی اور روس کے وزیر خارجہ میری دعوت پر اسلام آباد تشریف لائے ۔ملاقات میں مختلف عالمی معاملات زیر بحث آئے ہمارا تبادلہ خیال بہت اچھا رہا۔روس کے ساتھ دفاعی معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ روس نے دفاعی ایکیوپمنٹ فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔روس نے انرجی سیکٹر،سٹیل کی بحالی ، دہشت گردی کے خاتمے اور اقتصادی معاملات میں تعاون کی پیشکش کی۔ ملاقات میں افغانستان میں امن وامان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اور افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی پالیسیوں سے اتفاق کیا گیااور مشاورت سے مل کر چلنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں یہ بھی فیصلہ ہوا اس سال پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد ماسکو جائے گا جس کی تیاری کیلئے وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کو تیاری کی ہدایت کی۔ اسی اجلاس میں روس اور پاکستان کے درمیان معیشت اور تجارت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا ۔انہوں نے کہا میں عنقریب ایران جا رہا ہوں جہاں تاجکستان کے ہم منصب سے بھی ملاقات ہوگی۔ ہوسکتا ہے ترکی میں بھی نشست ہوجائے کہ افغانستان کے مسلے کو کیسے حل کرکے اگے بڑھا جائے۔انہوں نے کہا اس وقت پاکستان کے چین ، ایران، ترکی ، تاجکستان سمیت روس سمیت دیگر ممالک سے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ اور فارن پالیسی کے حوالے سے یہ اہم پیش رفت ہے۔پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان ، چین ، ایران ، روس سمیت دیگر ممالک کے درمیان کوئی علیحدہ بلاک بننے کا امکان ہے توزیر خارجہ نے کہا کہ علیحدہ بلاک بننے کا کوئی امکان نہیں۔ ہم خطے میں امن ، ترقی و خوشحالی کے لئے کوشاں ہیں اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کے خواہ ہیں۔ اور اسی کو آگے بڑھا رہے ہیں ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں اور ہندوستان سے مسئلہ کشمیر پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ اسی لئے ہم بلاک کی سیاست نہیں کرنا چاہتے قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورہ ملتان کے دوران چونگی نمبر7کے قریب یوٹیلیٹی سٹور پر رمضان ریلیف پیکیج کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر ، یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے زونل منیجر عمران ظفر گیلانی ، ریجنل منیجر امتیاز حسین ، ڈسٹرکٹ منیجر تحسین خان بابراور یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے ربن کا ٹ کر رمضان ریلیف پیکیج کا افتتاح کیا اور کامیابی کیلئے دعا کی ۔ بعد ازاں انہوں نے وزیر خارجہ نے پورے سٹور کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی اور ملک عامر ڈوگر نے ریجنل منیجر عمران ظفر گیلانی سے چینی ، آٹا ، گھی ، دالیں کے سٹاک بارے معلوم کیا تو انہوں نے کہا کہ رمضان مبارک کے دوران کسی چیز کی کمی نہیں ہوگی اور لوگوں کو وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ریلیف پیکیج ملے گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر خریداری کیلئے آنے والے خواتین و حضرات سے بھی بات چیت کی ۔ جس پر لوگو ںنے وزیراعظم کا شکریہ اداکیا کہ رمضان مبارک کے دوران انہیں ریلیف پیکیج دیا جا رہاہے جس کا وہ پورا پورا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا 19اشیاءپر سبسڈی دی جارہی ہے ۔ یہ اقدام وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر عوام کو ریلیف دینے کے لئے کیا گیا ہے۔