امریکی بحری بیڑہ اقتصادی زون میں داخل ہونے پربھارت بلبلااٹھا

Muhammad Dastagir 10 Apr, 2021 عالمی

بھارت نے امریکی بحری بیڑوں کے بغیر اجازت سمندری حدود اور خصوصی اقتصادی زون میں داخل ہونے پر اعتراض کیا ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق جمعہ کو امریکی بحری جہاز بھارت کے خصوصی اقتصادی زون میں گشت پر نکلا اور اجازت طلب کیے بغیر اس حدود میں داخل ہونے پر بھارت نے اعتراض کرتے ہوئے امریکا سے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندام باغچی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے خصوصی اقتصادی زون سے امریکی بحری جہاز کے گزرنے کے حوالے سے سفارتی ذرائع کے ذریعے امریکی حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔امریکی کے 7 ویں بیڑے نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ یو ایس ایس جان پال جونز نے بدھ کے روز عالمی قوانین کے تحت بھارت کی جانب سے منظوری لیے بغیر لکشادپ جزیرے سے تقریباً 130 ناٹیکل مائلز میں اپنے حقوق اور آزادی کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زون میں داخلے سے قبل اجازت طلب کرنے کا بھارتی مطالبہ بین الاقوامی قانون سے مطابقت نہیں رکھتا اور جہاں بھی بین الاقوامی قانون اجازت دیتا ہے، امریکا اس سمت میں سمندر میں بھی جائے گا، پرواز بھی کرے گا اور کام بھی کرے گا۔