کچے میں ڈاکوراج،پولیس کوکھلاچیلنج،ایک اورمغوی کی ویڈیووائرل

Muhammad Dastagir 10 Apr, 2021 عالمی

رحیم یار خان(نعیم بشیر چوہدری سے)دریائی علاقہ کچہ میں ڈاکوؤں کا راج قائم ہوگیا‘پنجاب پولیس اور رینجر کے حالیہ کچہ آپریشن کی کامیابی کے دعوؤں کے بعد سوشل میڈیا پر ایک اور مغوی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی‘کچے کے علاقے میں چھپے ڈاکوؤں نے ایک اور مغوی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر کے پنجاب پولیس کو کھلا چیلنج دیدیا ۔پولیس اور رینجرز کے کچہ کے علاقے میں مشترکہ کامیاب آپریشن کے دعوؤں کے بعد ڈاکوؤں کی جانب سے شکیل احمد نامی شخص کو اغوا کرلیاگیا‘ اپنے گھروالوں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر ڈاکوؤں سے رہائی دلانے کے لئے تاوان ادا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مغوی شکیل احمد نامی شخص جو کہ خود کو آدم والی کرم آباد کا رہائشی بتاتے اپنے گھر والوں سے مدد کی اپیل کر رہاہے‘جبکہ اغوا کاروں نے اسے زنجیروں میں باندھ کر تالے لگا رکھے ہیں جس سے وہ نہ صرف انتہائی دشواری میں نظر آتا ہے بلکہ اس کے جسم پر زخموں کے نشان بھی واضح نظر آ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مغوی کے ورثاء سے اغوا کاروں نے بیس لاکھ روپے تاوان مانگا ہے جبکہ مغوی مزدور پیشہ ہے اور نہایت ہی غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے۔مغوی کی نامعلوم مقام سے بنا کر بھجوائی گئی ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو مغوی کو اسلحہ کے زور پر اپنے گھر والوں کو تاوان ادا کرنے کے لیے ہاتھ باندھ کر گڑگڑانے پر مجبور کر رہے ہیں تاکہ اس کے گھر والے تاوان ادا کریں۔اس ویڈیو سے واضح طور پر اندازہ ہو رہا ہے پنجاب پولیس رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کو پکڑنا تو درکنار شہریوں کے اغوا کی وارداتیں بھی نہیں روک سکی جس سے شہری خود کو غیر محفوظ تصور کرنے پر مجبور ہیں۔ ضلع میں امن وامان کی صورت حال بھی ابتر سے ابتر ہوتی جا رہی ہے‘ موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں کے علاوہ چوری‘راہزنی اور دیگر جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یوں لگتا ہے کہ پورا ضلع چوروں‘ ڈاکوؤں اور اغواء کاروں کے رحم و کرم پر ہے۔ واضح رہے کہ ضلع بھر میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں اور کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے شہری کو تاوان کے لئے اغوا کرنے کی دوسری ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ عوامی و سماجی اور مذہبی حلقوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزداراور آئی جی پنجاب انعام غنی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کچہ کے علاقے میں جاری حالیہ آپریشن کی کامیابیوں کے تمام تر دعوؤں کے بعد ڈاکوؤں کی جانب سے مغوی کے گھر والوں کوبھیجی گئی اس ویڈیو نے کچا آپریشن کی کامیابی کی پول کھول دی ہے۔شہریوں نے کہا کہ فوری طور پر دریائی کچے کے علاقہ میں چھپے ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور اور منظم آپریشن کرکے ان کا خاتمہ کرتے ہوئے کچے کے علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرایا جائے۔