جہانگیرترین اوراہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد،خلیجی اخبارکادعویٰ

Muhammad Dastagir 09 Apr, 2021 عالمی

لاہور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین ، ان کے صاحبزادے علی ترین اور ان کی اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے ہیں۔یہ دعویٰ ایک خلیجی اخبار نے ایف آئی اے کے ذمہ دار ذرائع سے کیا ہے۔ اخبار کے مطابق ایف آئی اے کے افسر نے یہ بات نام ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ بتائی ہے۔ منی لانڈرنگ کے الزامات کا جواب دینے جمعہ کے دن لاہور میں ایف آئی اے کے دفتر میں تفتیشی حکام کے سامنے جہانگیر ترین پیش ہوئے تھے۔ اخبار کے مطابق انہوں نے دو گھنٹے تک ایف آئی اے افسران کو جوابات دیے جب کہ ان سے قبل ان کے صاحبزادے علی ترین بھی پیش ہوئے تھے۔ایف آئی اے کے اعلٰی افسر نے خلیجی اخبار اردو نیوز کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ منی لانڈرنگ کے اس مقدمے میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیش مکمل ہونے تک جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین اور اہلیہ کے بینک اکاونٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایف آئی اے نے متعلقہ اداروں سے درخواست کی تھی جس پر عمل درآمد ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علی ترین کے 21، جہانگیر ترین کے 14 اور ان کی اہلیہ کا ایک اکاؤنٹ منجمند کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے افسر کے مطابق ان کے یہ اکاؤنٹس مختلف سرکاری اور نجی بینکوں میں تھے۔ کل 9 بینکوں کے کھاتے منجمد ہونے کے بعد اب تحقیقات مکمل ہونے تک ان کو استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے۔