ڈسکہ،انتخابی مہم ختم،کل میدان سجے گا

Muhammad Dastagir 09 Apr, 2021 عالمی

ڈسکہ ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن مہم کا وقت ختم ہوگیا ہے اور دوبارہ الیکشن کل ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماعلی اسجد ملہی اور ن لیگی امیدوار نوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ ڈسکہ کی سیٹ ن لیگی رہنما صاحبزادہ سید افتخارالحسن شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔ ڈسکہ حلقہ این اے 75 کے کل 360 پولنگ ا سٹیشنز ہیں۔ حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی ہوگی۔ حلقے میں تعینات پریذائیڈنگ افسران کےلیے اسمارٹ فون لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔تمام پریذائیڈنگ افسران اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کو موبائل پراپنی لوکیشن آن رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام پریذائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 کی تصویر لیں گے اور اسے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔ ریٹرننگ افسر کو فرانزک تفصیلات بھی جمع کرانا ہوں گی۔ قبل ازیں 19فروری کو بھی ڈسکہ میں الیکشن ہوا تھا تاہم امن و امان کی خراب صورتحال اورانتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث اس کے نتائج منسوخ کرکے دوبارہ الیکشن کا اعلان کیا گیا تھا۔