انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 76 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں طوفان کے بعد متعدد افراد لاپتا ہوچکے ہیں اور اب تک 76 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ سیلاب، طوفانی بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ سے مواصلاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہچا ہے، سڑکوں پر درخت گرگئے اور بیشتر انڈر پاسز بھی پانی سے بھرگئے ہیں۔ انڈونیشین ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق مشرقی صوبے میں کم از کم 55 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 40 سے زائد لاپتا ہیں جب کہ 400 سے زائد افراد نے متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرلی ہے اور ہزاروں افراد اب بھی بری طرح متاثر ہیں۔