ورلڈہیلتھ:ووہان کی لیبارٹری سے کوروناپھیلنے کاامکان مسترد

Muhammad Dastagir 30 Mar, 2021 عالمی

چین کے شہر ووہان کا دورہ کرنے والی عالمی ادارہ صحت (W.H.O) کی ٹیم کی حتمی رپورٹ میں کورونا وائرس لیبارٹری سے پھیلنے کا امکان مسترد کردیا گیا۔ ووہان کا دورہ کرنے والی عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے چمگادڑ سے انسانوں میں پھیلنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے کورونا وائرس کی ابتدا سے متعلق دیگر مفروضات پر بھی مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔خیال رہےکہ دسمبر 2019 میں پہلی مرتبہ چینی شہر ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور یہ وائرس اب عالمگیر وبا کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ کےحوالے سے امریکا اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے شکوک کا اظہار کیا جاتا رہا ہےکہ کورونا وائرس ووہان میں موجود لیب سے پھیلا جب کہ اس کے ووہان کی جانوروں کی مارکیٹ سے پھیلنےکا امکان قرار دیا جاتا رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی سائنسدانوں پر مشتمل 10 رکنی ٹیم نے جنوری میں ووہان کادورہ کیا تھا اس دوران تحقیقاتی ٹیم نے وائرس کی نشوونما اور تعلق کے حوالے سے جانچ پڑتال کی اور ووہان میں مختلف مقامات کا دورہ کیا تھا۔