ملتان سمیت پنجاب کے زیادہ متاثرہ اضلاع میں پابندیاں سخت کرنے کا نوٹیفکیشن

Muhammad Dastagir 30 Mar, 2021 عالمی

لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے کورونا وائرس کی شدت کے پیش نظر پابندیاں سخت کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں مارکیٹیں اور بازار شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے، کورونا کی زیادہ شرح والے 9 شہروں میں یکم اپریل سے انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ اورشادی کی تقریبات پرپابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن کےمطابق کورونا کی زیادہ شرح کے باعث لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا ،سیالکوٹ، گوجرانوالہ،گجرات اور شیخوپورہ میں یکم سے 11 اپریل تک ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی ہوگی، ان شہروں میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہےگی، ہوٹل اور ریسٹورینٹس بند رہیں گے، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی جب کہ یہ پابندیاں 11 اپریل تک نافذ رہیں گی۔ نوٹیفکیشن کےمطابق پارک، تفریحی مقامات اورکھیلوں کی سرگرمیاں بھی بند رہیں گی ، عوامی مقامات پر منہ ڈھانپنا لازم ہوگا، مزارات اور سینما گھر مکمل بند رہیں گے، ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بندرہے گی جب کہ لاہورمیں اورنج ٹرین اور اسپیڈو بس سروس بھی بند رہے گی۔