آج شب برات،مساجدپرچراغاں،گھروں میں بھی نوافل کااہتمام

Muhammad Dastagir 29 Mar, 2021 عالمی

ملتان(اردوویب نیوز)ملک بھرکی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھرمیں بھی آج شب برات آج مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے۔مساجدپرچراغاں کیا گیاہے۔نوافل وعبادات کابھی خصوصی اہتمام کیاگیاہے۔اسی طرح گھروں میں بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔میٹھے پکوان پکائے گئے ہیں۔ اس رات اللہ تبارک و تعالی بے شمار گناہ گاروں کو عذاب جہنم سے نجات بخشتے ہیں ۔اور اس رات تقدیر الہی کے مطابق اگلے سال کے فیصلے کیے جا تے ہیں ۔ صحاح ستہ کی کتاب ابن ماجہ شریف اور بہقی شریف اور متعدد کتب احادیث کے حوالے سے یہ بات بالکل عیاں ہے کہ شعبان المعظم کی 15 ویں شب(14و 15 شعبان کی درمیانی رات ) بہت ہی برکت والی رات ہے ۔ اس رات کو کثرت سے عبادت کرنا رب العلمین سے اپنے لیے خیر کی دعائیں مانگنا ۔پوری امت مسلمہ کی بھلائی کے لیے دعائیں کرنا اور اگلے روز یعنی 15 شعبان کو روزہ رکھنا بہت بڑے اجر کی بات ہے پیارے پیغمبر ﷺ کا ارشاد عالی ہے کہ اس رات اللہ تبارک و تعالی کی رحمت پہلے آسمان پر جلوہ افروز ہو کر آوازیں دیتی ہے۔ ھَلْ مِنْ مُّسْتَغْفِرِ ہے کوئی مجھ سے معافی چاہنے والا ھَلْ مِنْ مُّسْتَرْزِقِ ہے کوئی مجھ سے رزق کی فراخی چاہنے والا ۔ خود ہمارے پیارے آ قا ﷺ نے ایک شب طویل عبادت فرمائی اور حضرت ام المومنین سیدہ حمیرہ عائشہ صدیقہؓ بنت سیدنا حضرت ابو بکر صدیقؓ اکبر رضی اللہ تعالی عنہماسے فرمایا آج کی رات میری دعا پر اللہ تبارک و تعالی نے اتنے گناہگاروں کو معافی دے دی جتنے بنوکلب قبیلے کی بکریوں کے جسم پر بال ہیں ۔ گناہ گاروں کے لیے خصوصی تنبیہ:۔حضور اکرم ﷺ کے فرمودات میں سے خصوصی فرمان یہ ہے کہ چھ قسم کے گناہگار ایسے ہیں جب تک وہ ان گناہوں سے توبہ نہ کر لیں گے تو شب برات میں بھی ان کی بخشش نہیں ہو تی ۔ان میں مشرک،والدین کانافرمان، کینہ ور شخص،صلہ رحمی نہ کرنے والا،متکبر انسان اورشرابی شامل ہیں۔