حکومتی کارکردگی کی تشہیرکیلئے ایک ارب اڑانے کی منظوری

Muhammad Dastagir 27 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت کی کامیابی کی کہانیوں اور سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ارب روپے اشتہاری مہم کے لیے منظور کرلیے۔ انگریزی اخبارڈان کی رپورٹ کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی ارسال کردہ سمری پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ای سی سی نے ایک نکاتی ایجنڈے کے جلدی میں بلائے گئے اجلاس کی سربراہی کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے اشتہارات کے لیے اضافی ایک ارب روپے مختص کرنے کی سمری منظور کردی ہے تاکہ تیار شدہ اشتہاری مہم چلانے میں آنے والی خامیوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی ادائیگی کی جائے۔چنانچہ ای سی سی نے رواں مالی سال کے دوران حکومتی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں ایک جامع اور اچھی طرح سوچی سمجھی مہم شروع کرنے کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کےطور پر ایک ارب روپے منظور کیے۔ باخبر ذرائع کا کہنا تھا کہ ای سی سی کو بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات اور کامیابی کی کہانیوں کو میڈیا میں مناسب کوریج حاصل نہیں ہورہی اور عوام عمومی طور پر اس بات سے بے خبر رہتے ہیں کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے کیا کررہی ہے۔ اس حوالے سے وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ حکومت کے عوامی اقدامات پر اشتہارات عوام کو آگاہ کرنے اور سکھانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔