یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر

Muhammad Dastagir 26 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی درخواست پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن لیڈر کے لیے یوسف رضا گیلانی کے نام کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں سینیٹ سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ قبل ازیں رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمٰن نے اپنے امیدوار کے لیے 30 اراکین سینیٹ کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ پیپلزپارٹی کا حق تھا، پی ڈی ایم کا کوئی جنازہ نہیں پڑھا گیا۔ پی پی پی ذرائع نے بتایا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کرنے والے اراکین میں سینیٹر ہدایت اللہ، ہلال الرحمٰن، مشتاق احمد اور نوابزادہ ارباب عمر فاروق بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ ایوان بالا میں اپوزیشن جماعتوں میں پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد سب سے زیادہ یعنی 21 ہے۔ شیری رحمٰن نے بتایا تھا کہ انہیں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے جماعت اسلامی کے ایک، سابق فاٹا کے 2 اور دلاور خان کے آزاد گروپ کے 4 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ شیری رحمٰن نے یہ بھی بتایا کہ پیپلز پارٹی کے اپوزیشن لیڈر کے لیے 30 اراکین کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کروائی گئی ہے۔ دوسری جانب اس حوالے سے جب سینیٹر یوسف رضا گیلانی سے سوال کیا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے خود نہیں معلوم کہ کتنے ارکان نے حمایت کے لیے دستخط کیے ہیں، مجھے شیری رحمٰن نے یہاں بلایا ہے۔