دولاکھ ٹن چینی امپورٹ،گندم 1800روپے من مقرر،ڈیرہ میں سیمنٹ پلانٹ لگانے کی منظوری

Muhammad Dastagir 25 Mar, 2021 عالمی

لاہور(اردوویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 42واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم خریداری پالیسی 2020-21 ء کی منظوری دی گئی-پنجاب حکومت کاشتکاروں سے 1800 رو پے فی من کے حساب سے گندم خریدے گی-گندم خریداری کا ٹارگٹ 35 لاکھ میٹرک ٹن سے 50 لاکھ میٹرک ٹن تک رکھا گیا ہے -ضرورت پڑنے پر پنجاب حکومت مزید گندم بھی خرید سکتی ہے -گندم پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر خریدی جائے گی -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا اور گندم خریداری مہم کی خود نگرانی کروں گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اورکہاکہ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر جلد اپنی حتمی سفارشات پیش کرے-کابینہ نے پنجاب شوگر سپلائی چین مینجمنٹ آرڈر2021 ء کی اصولی منظوری دی،جس کے تحت چینی کی خرید و فروخت کے پورے نظام کو ریگولیٹ کیا جا سکے گا-شوگر ملزاور ڈیلرز کے گودام کی رجسٹریشن ہو گی اور صرف رجسٹرڈ ڈیلرہی چینی کی خریدو فروخت کر سکے گا - کابینہ اجلاس میں The Prevention of Speculation in Essential Commodities Ordinance 2021کی اصولی منظوری دی گئی، جس کے تحت اشیاء ضروریہ کے نرخوں کو سٹے بازی کے ذریعے بڑھانے کی روک تھام کی جا سکے گی- پنجاب کابینہ نے قیمتوں میں استحکام کیلئے مزید 2 لاکھ میٹرک ٹن تک چینی امپورٹ کرنے کافیصلہ کیا - کابینہ نے میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور خوشاب میں مزید 4 نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کی منظوری دی، سیمنٹ پلانٹس کے منصوبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو گی اور رو زگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے- اجلاس میں قحط سالی سے متاثرہ ضلع خوشاب کی تحصیل نورپور تھل میں کاشتکاروں کو آبیانہ، زرعی ٹیکس اور دیگر واجبات معاف کرنے کی منظوری دی گئی اورنور پور تھل کے 75 مواضعات کو آفت زدہ قرار دیا گیا - 2020ء کے مون سون فلڈ کے متاثرہ افراد کے نقصانات کے ازالے کیلئے 44 کروڑ روپے کے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دی گئی- کابینہ کوبتایا گیاکہ مون سون سے 12 اضلاع کے 106 مواضعات متاثر ہوئے -122جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمی افراد کو وزیر اعلی عثمان بزدار کے حکم پر مالی امداد دی جا چکی ہے -گھروں کے نقصانات کے لئے فوری طور پر مالی امداد دی جائے گی - غازی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ سائنس،ڈیرہ غازی خان کوچارٹردینے کے معاملے کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی گئی جبکہ ٹرانسپورٹ وہیکلزکے فٹنس سرٹیفکیٹ کیلئے نئی پالیسی بنانے اور سویڈش کمپنی اوپس کے ساتھ امور طے کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی 7 روز میں سفارشات پیش کرے گی-ریسورس موبلائزیشن کمیٹی کی سال2019-20ء کیلئے سفارشات کی منظوری دی گئی اوران سفارشات کے تحت روٹ پرمٹ فیس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا-اجلاس میں پنجاب سول اینڈ ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2017میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا،پنجاب کابینہ نے پنجاب سول اینڈ ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2017میں ترمیم کی منظوری دی- ایلیمنٹری وپرائمری اساتذہ کو ایڈوانس انکریمنٹ دینے کا فیصلہ موخر کردیا گیا-کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سپیشل پروسیجر(ٹرانسپورٹیشن/ آئل ٹینکرز کے ذریعے کیرج آف پٹرولیم آئلز)رولز 2020ء کی منظوری دے دی- پراجیکٹس،پروگرامز، پالیسی یونٹس،پولیو سیلز،کمپینز،اتھارٹیز،فاؤنڈیشنز، فنڈز اورکمیشنز میں تعینات افسروں کے لئے خصوصی الاؤنس دینے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا-سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں گندم ایکسپورٹ 2016ء کے حوالے سے اہم امور پرکمیٹی تشکیل دی گئی-کمیٹی تمام امور کا باریک بینی سے جائزہ لے گی اور ایکسپورٹ دستاویزات کی تصدیق کے بعد فیصلہ کرے گی- اجلاس میں خصوصی افراد کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ بحالی مرکز/ہسپتال کے قیام کے لئے سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اراضی سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی-ٹاؤن شپ لاہور میں 26 کنا ل 10 مرلے اراضی پر سپیشل افراد کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا جائے گا-چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے ٹرمز اینڈ کنڈیشنز پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا-چیئرمین کو اب تنخواہ نہیں ملے گی بلکہ صرف گاڑی اور پی او ایل ملے گا-کابینہ نے چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز کا استعفی منظور کر لیا-لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کے چیئرمین اور سرکاری ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی گئی-سابق بیوروکریٹ عرفان الہی اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ سرکاری ممبران میں سینئر ممبربورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ہاؤسنگ شامل ہوں گے-اجلاس میں لاہور رنگ روڈ اتھارٹی ایکٹ 2011ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی-لاہوررنگ روڈ اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر تک بڑھایا جائے گا-اجلاس میں پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف وویمن کی سالانہ رپورٹ برائے 2018ء کی منظوری کے لئے پیش کی گئی-اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 41ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی-اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے51 ویں اور52ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی-کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 48ویں، 49ویں، 50ویں اور51ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی-صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی-