نوازشریف کے پاسپورٹ تجدیدکی درخواست مسترد

Muhammad Dastagir 25 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد:وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست مسترد کردی تاہم انہیں وطن واپسی کے لیے خصوصی دستاویزات جاری کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کو نواز شریف کی سفارتی پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست کے حوالے سے جوابی خط لکھ دیا۔ وزارت داخلہ کے جوابی خط کی کاپی کے مطابق متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سابق وزیر اعظم کے سفارتی پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی کے لیے لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں ہنگامی سفری دستاویز (ای ٹی ڈی) کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جو انہیں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ذریعے پاکستان کے سفر کی بکنگ پیش کرنے کی صورت میں جاری کی جاسکتی ہیں۔