یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایاجارہاہے،توپوں کی سلامی

Muhammad Dastagir 23 Mar, 2021 عالمی

ملتان:ملک بھرکی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھرمیں بھی یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔اس حوالے سے مختلف تقریبات منعقدکی گئی ہیں۔ تحریک پاکستان کے دوران 23 مارچ 1940 وہ دن تھا جب مولوی فضل الحق نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک آزاد وطن پاکستان کے لیے قرارداد پیش کی اور اسی مناسبت سے ہم بحیثیت قوم ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر مناتے ہیں۔دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے توپوں کی سلامی دی گئی۔ اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ لاہور اور پشاور میں21-21 توپوں کی سلامی کے ساتھ یوم پاکستان کا آغاز ہوا۔تمام بڑی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا اور یوم پاکستان کے سلسلے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات نے ایک خصوصی ملی نغمہ بھی جاری کیا۔