ہفتے میں 5 دن کاروبار،رات 8بجے بند

Muhammad Dastagir 22 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر رات 8 بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جہاں تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور کورونا سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے۔این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'اجلاس میں کووڈ سے متعلق حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس حوالے سے 8 فیصد سے زیادہ کیسز کی شرح کے حامل علاقوں میں 3 روز کی بنیاد پر مزید بندشوں پر اتفاق کیا گیاملک میں ہفتے میں دو دن کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی تاہم کاروبار بند رکھنے کیلئے 2 دنوں کا تعین وفاق کی اکائیاں کریں گی۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں سینما اور مزارات مکمل بند رہیں گے جبکہ کورونا ایس او پیز کے ساتھ 300 افراد تک کے اجتماعات کی اجازت ہوگی۔ اعلامیے میں کہنا ہے کہ اسپورٹس، تہوار، ثقافتی اور دوسری تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ بند مقامات پر ہونے والے تمام ثقافتی، موسیقی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔