جاپان میں 7.2 شدت کا زلزلہ ،سونامی کی وارننگ

Muhammad Dastagir 21 Mar, 2021 عالمی

ٹوکیو:جاپان میں میاگی کے ساحل پر 7.2 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد حکام نے سونامی کی وارننگ جاری کردی ہے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق زلزلے اور سونامی کی وارننگ جاری کیے جانے کے کچھ دیر بعد ساحل سے ایک میٹر بلند لہریں ٹکرائیں۔جاپان کی میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق میاگی کے علاقے میں شام 6 بجے آنے والے زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی محسوس کیے گئے اور اس زلزلے کی گہرائی 60 کلومیٹر تھی۔ابھی تک زلزلے سے کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ جاپانی میڈیا نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سونامی میں ایک میٹر سے زائد اونچی لہریں بلند ہو سکتی ہیں اور عوام ساحل یا اس کے قریب جانے سے گریز کریں۔ حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سمندر یا ساحل کے قریب جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جو لوگ سمندر میں موجود ہیں وہ فوراً واپس آجائیں اور ساحل سے دور چلے جائیں، لہریں بہت تیز ہوں گی لہٰذا وارننگ واپس لیے جانے تک سمندر میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔ بعد ازاں سونامی کی اس وارننگ کی تنزلی کردی گئی جبکہ امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے کسی بھی قسم کی سونامی کے خطرے کو رد کردیا ہے۔