”ساتھی رہاورنہ مغوی ہلاک“ویڈیوبیان جاری،ہماراعلاقہ نہیں: پولیس نے جان چھڑالی

Muhammad Dastagir 20 Mar, 2021 عالمی

رحیم یارخان (نعیم بشیر چوہدری سے)ڈاکوؤں نے اغوا کئے گئے مغوی کیساتھ ویڈیو بیان ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا‘ویڈیو میں مغوی شخص ڈی پی او رحیم یارخان اسد سرفراز خان اور ایس ایچ او کوٹ سبزل محمد اعجاز سے اپیل کرتے ہوئے بتا رہا ہے کہ وہ موضع کھمبڑا سے ماچھی گوٹھ جا رہا تھا کہ چوک چدھڑ کے مقام پر مجھے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیاہے۔مغوی شخص ویڈیو میں بتا رہا ہے کہ ڈاکوؤں کا مطالبہ ہے کہ جو رحیم یارخان پولیس نے انکے بندے زاہد اور مختیار کو گرفتار کیا ہے انہیں رہا کریں ورنہ ڈاکو مجھے مار دینگے۔مغوی شخص ویڈیو میں ہاتھ جوڑ کر کہہ رہا ہے کہ میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں مجھے اور میرے بچوں کو بچائیں۔ویڈیو بیان میں مغوی شخص روتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ مجھے دو دن کاٹائم دیا ہے کہ اگر رحیم یارخان پولیس نے ہمارے بندے نہ چھوڑے تو تمہیں جان سے مار دینگے۔مغوی شخص نے کہا کہ وہ ای ایف یو سندھ کا نمائندہ ہے جس میں وہ اپنے اعلیٰ افسران کو پیغام دیتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ڈی پی او رحیم یارخان سے ملیں اور مجھے یہاں سے چھڑوائیں ورنہ مجھے مار دیا جائیگا۔ویڈیو کے بارے میں جب ایس ایچ او کوٹ سبزل محمد اعجاز سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ویڈیو بیان میں دیکھا جانے والا شخص ضلع رحیم یارخان نہیں صوبہ سندھ کے علاقہ کھمبڑا سے اغوا ہوا ہے جو سندھ کا علاقہ ہے‘ ہمارے علاقے میں ایسی کوئی واردات نہیں ہوئی۔