رمضان بازار،10 کلوآٹا 120 روپے سستا،چینی60 روپے کلو

Muhammad Dastagir 17 Mar, 2021 عالمی

ملتان(اردوویب نیوز)پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاست اپنے انجام کو پہنچ گئی ہے اور وزیراعظم عمران خان کی شفاف طرز سیاست نے پیشہ ور سیاستدانوں کا قلع قمع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدل رہا ہے اور برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نیک نیتی کے ساتھ عوام کو ریلیف دینے کے لئے آگے بڑھ رہی ہے۔صوبائی اور وفاقی حکومت نے ماہ رمضان کے موقع پر اربوں ر وپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔رمضان بازاروں میں 10 کلوگرام وزن کے آٹا کا تھیلا 120 روپے سستا ملے گا اور چینی60 روپے فی کلو دستیاب ہو گی۔یہ بات انہوں نے دفتر ڈائریکٹر تعلقات عامہ میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئی کہی۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پی ڈی ایم مختلف سیاسی نظریات رکھنے والوں کا ملغوبہ تھا جس نے انجام سے دوچار ہونا تھا۔ ن لیگ نے ہمیشہ جبر تشدد کی سیاست کی راہ اپنائی ہے۔ ماضی میں پی پی اس جبر اور تشدد کی سیاست کا شکار رہی ہے۔کبھی پی پی کے لیڈروں کی برہنہ تصاویر کا ڈھونگ رچایا گیا اور کبھی پولیس کی حراست میں انکی زبانیں کاٹی گئیں۔آصف زرداری ن لیگ کے زخم خوردہ ہیں۔ محمد ندیم قریشی نے کہا کہ جن لوگوں کی جائیدادیں،کاروبار اور اولاد لندن میں ہے وہ پاکستان میں تحریک چلانے کے دعوے کررہے ہیں۔انہوں نے کیا کہ تین چار سیاسی خاندانوں نے22 کروڑ عوام کو اپنا غلام بنا رکھا تھا لیکن پی ٹی آئی ایسے پیشہ ورسیاست دانوں کو دفن کر کے دم لے گی۔ایک سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت نے کہا عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدل رہا ہے۔انہیں شوگر ملیں لگانے،رئیل اسٹیٹ کے بزنس سے دولت کمانے یا پولٹری بزنس سے پیسہ بٹورنے میں دلچسپی نہیں بلکہ ان کا محور عام آدمی ہے۔ حکومت مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات متعارف کرائے ییں۔اساتذہ کے ٹرانسفر کے لئے آن لائن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے اور ماضی کے برعکس بغیر کسی سفارش اور رشوت کے تبادلے ہورہے ہیں۔اسی طرح محکمہ انہار کے 35 ہزار کلومیٹرطویل نہری نظام کو ٹھیک کیا گیا۔قبضہ مافیا سے400 ارب روپے سے زائد مالیت کی زمین واگزار کرائی گئیں جنہیں نیلام کرکے رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ محمد ندیم قریشی نے کہا کہ صوبہ پنحاب میں7 ارب روپے کا تاریخی پیکج دیا گیا ہے۔آٹا،چینی کھجور سمیت بہت سی اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جارہی ہیں۔پنجاب میں 313 جبکہ ضلع ملتان میں12 رمضان بازار لگائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان شہر کے لئے ٹھوس بنیادوں پر ٹریفک پلان تشکیل دیا جارہا ہے۔ محکمہ اطلاعات پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ خبروں کی ترسیل کے لئے میڈیا کے ساتھ تیز ترین رابطہ کار قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف منصوبہ بندی کررہا ہے۔پنجاب کے تمام صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے عہدیدار شیخ ندیم،عزیز لابر اور محکمہ تعلقات عامہ کے افسران سید ماجد علی نقوی،محمداصغرخان اور محمد وسیم یوسف بھی موجود تھے۔