جنوبی پنجاب سمیت مختلف شہروں کیلئےاربوں کےفنڈزمنظور،ایمرسن یونیورسٹی بھی شامل

Muhammad Dastagir 12 Mar, 2021 عالمی

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مختلف شہروں میں نئے منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز کے اجرا کا اعلان کر دیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں نئے منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کا دائرہ کار کالجوں او ریونیورسٹیوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کے لئے 477 ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ یہ رقم رواں مالی برس ہائر ایجوکیشن کے اداروں کے طلبا وطالبات کو رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کے تحت دی جائے گی جبکہ اگلے مالی برس رحمت اللعالمین ؐسکالر شپ کے لئے 834ملین روپے مختص کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے 10مقامات پر مرحلہ وار بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے واٹر سٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں لاہور کے 3مقامات پر واٹر ٹینک تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ پہلے مرحلے میں کشمیر روڈ، شیرانوالہ گیٹ اور قذافی سٹیڈیم کے قریب واٹر ٹینک تعمیر کئے جائیں گے اور اس منصوبے پر تقریباً ایک ارب 85 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 2ارب روپے کے فنڈز کے فوری اجراء کی منظوری دی گئی جبکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سمن آباد میں بی ایس بلاک کی تعمیر کے لئے 180ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ ایمرسن کالج ملتان کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کے بعد ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں مختلف بلاکس کی تعمیر کے لئے 500ملین روپے کے فنڈزفراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مظفر گڑھ، لیہ، راجن پوراور ڈیرہ غازی خان میں پولیس کی 565خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی اور یہ بھرتیاں سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر،ہیڈ کانسٹیبل اورکانسٹیبل کی آسامیوں پر ہوں گی۔ اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں سیاحتی مقامات ڈویلپ کرنے کے لئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے تاریخی قلعہ نندانہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے 125ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی جبکہ کہوٹہ،کھیوڑہ اور پتریاٹہ میں سیاحت کے فروغ کے لئے 60ملین روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ بارڈر ملٹری پولیس ڈیرہ غازی خان کے 4نئے تھانے اور 4نئی چیک پوسٹوں کے لئے 68ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کی ڈویلپمنٹ کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی ہے۔ گوردوارہ پنجہ صاحب میں پانی کے مسئلے کا مستقل حل یقینی بنانے کا پروگرام منظور کیا گیا ہے اور 34 ملین روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کھرڑ بزدار کے بنیادی مرکز صحت کو اپ گریڈ کر کے دیہی مرکز صحت کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔ ڈویژنل پبلک سکول ڈیرہ غازی خان کیلئے 50ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔دریں اثناوزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیتنے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صادق سنجرانی کی جیت جمہوریت اورشفاف پاکستان کی فتح ہے۔ اپوزیشن کو اب سکون سے بیٹھ کر اگلے الیکشن کا انتظار کرنا چاہیئے۔اپوزیشن کے بونے سیاستدانوں کا ہر حربہ ناکام رہا۔منڈیا ں لگانے والوں اپنے منفی طرز عمل پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے رکن پنجاب اسمبلی وارث کلو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔