یوٹیلیٹی سٹورز،7ارب 80 کروڑکا رمضان پیکج منظور

Muhammad Dastagir 11 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر ان کے ڈیلرز اور تیل کمپنیوں کا کمیشن بڑھا دیا ساتھ ہی طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک سے کپاس کی درآمد کی اجازت دی اور یوٹیلیٹی سٹورز کے لیے 7 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کا رمضان پیکج منظور کرلیا۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس کے ساتھ پنجاب کے 2 کھاد کے پلانٹس، فاطمہ اور ایگریٹیک کو 9 ماہ تک سستی قدرتی گیس کی فراہمی کے علاوہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی 2 ارب روپے کو سبسڈی فراہم کرنے کی بھی اجازت دی۔ای سی سی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو ماہِ مقدس میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے 'رمضان ریلیف پیکج-2021' کی سمری بھی منظور کی۔ اس ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کو انتہائی ضروری 19 اشیا پر 7 ارب 80 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی مارکیٹ میں گھی، چینی اور گندم کے آٹے کی قیمت میں نمایاں فرق رہا اور ملک بھر میں موجود 4 ہزار یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے یکم اپریل سے ان کی خریداری شروع کی جائے گی۔