لندن:برطانیہ کے شاہی محل ’بیکنگھم پیلس‘ نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے حال ہی میں امریکی ٹی وی اسٹار اوپرا ونفرے کو دیے گئے انٹرویو پر وضاحتی بیان جاری کردیا۔ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کا اوپرا ونفرے کو دیا گیا انٹرویو 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ کو برطانیہ میں نشر کیا گیا تھا۔ انٹرویو میں جوڑے نے شاہی محل میں پریشانی، نسلی امتیاز اور ذہنی صحت پر پڑنے والے اثرات پر کھل کر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ کس طرح انہیں وہاں مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میگھن مارکل نے بتایا تھا کہ 2018 میں ہیری سے شادی کے بعد وہ شاہی خاندان کی پہلی غیر سفید فام اور امریکی رکن بنی تھیں، جس وجہ سے محل میں تشویش پائی جاتی تھی۔دونوں کے انٹرویو کے بعد دنیا بھر میں ہنگامہ مچ گیا تھا اور ایک بار پھر برطانوی شاہی محل کی روایات سے متعلق چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں۔ دونوں کے انٹرویو کو امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا بھر کی میڈیا نے خصوصی کوریج دی تھی اور اسے ریکارڈ بار دیکھا گیا تھا۔ دونوں کے انٹرویو کے بعد ابتدائی طور پر شاہی محل نے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا، تاہم ان کے انٹرویو کے فوری بعد بیکنگھم پیلس میں اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس ہوا تھا، جس میں شاہی محل کے تمام سینیئر ارکان نے شرکت کی تھی۔ مگر اب بیکنگھم پیلس نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے انٹرویو پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کی جانب سے کیے گئے انکشافات پر ’تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘(اے پی) کے مطابق بیکنگھم پیلس کی جانب سے 9 مارچ کی شام کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے اٹھائے گئے معاملات پر ’تشویش‘ کا اظہار کیا گیا۔ ملکہ برطانیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کی جانب سے سامنے لائے گئے معاملات پر شاہی محل اندرونی طور پر تحقیقات کرکے ان کو حل کرے گا۔