مخالفین 2023ء تک انتظارکریں،شہبازگل

Muhammad Dastagir 08 Mar, 2021 عالمی

رحیم یارخان(نعیم بشیرچوہدری سے)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ سازشی ملک میں ترقی کا سفر روکنے کے درپے ہیں اور ان کی پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی اور نہ ہو گی‘تنقید برائے تنقید کرنے والے عوام کے مسائل کا حل نہیں چاہتے‘وزیراعظم عمران خان کی پوری ٹیم عوامی مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھے گی‘ سازشی عناصر کو جواب عوامی خدمت سے دیتے رہیں گے‘مخالفین 2023ء تک انتظار کریں‘ عوام کی خدمت کے ایجنڈے میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے‘وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر مزیدتیزہوچکاہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدروسابق وزیرمملکت برائے امورداخلہ چوہدری ظفراقبال وڑائچ اورسابق نائب ناظم ضلع کونسل چوہدری حسنین ظفروڑائچ سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کے دوران کیا۔ چوہدری شہبازگل نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اسمبلی سے دوبارہ اعتماد کاووٹ لے کراپوزیشن کے منہ ہمیشہ کے لئے بند کردیئے ہیں‘ اپوزیشن کے فسادی اور بربادی ٹولے کے مقد ر میں رونا دھونا لکھا جا چکا ہے‘ پی ڈی ایم کرپٹ اور منافقوں کا ٹولہ ہے۔ اس موقع پرچوہدری ظفراقبال وڑائچ اورچوہدری حسنین ظفروڑائچ نے ڈاکٹرشہبازگل کوضلع کی سیاسی صورت حال‘ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ آمدہ بلدیاتی انتخابات میں ورکرزکوآگے لایاجائے گا‘ ضلع اس وقت پی ٹی آئی کاگڑھ بن چکاہے اورالیکشن میں کلین سویپ کریں گے۔