وزیراعلیٰ کے جنوبی پنجاب کے طوفانی دورے،ڈپٹی کمشنر،سی پی اوملتان تبدیل

Muhammad Dastagir 08 Mar, 2021 عالمی

ملتان(سہیل قریشی سے)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداران ایکشن،وزیر اعلیٰ نے بغیر پروٹوکول جنوبی پنجاب کے مختلف شہرو ں کے24 گھنٹے مسلسل طوفانی دورے کئے۔وزیر اعلی عثمان بزدار اسلام آباد سے ملتان پہنچے، ملتان سے تونسہ شریف اورپھر ڈیرہ غازی خان گئے۔وزیر اعلیٰ علی الصبح پھر بذریعہ سڑک ملتان واپس پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی اور فرائض سے غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیا۔سی پی او ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔دونوں افسروں کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا۔وزیر اعلیٰ نےرات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ کیا۔ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں کی خیریت دریافت کی اور لواحقین سے طبی سہولتوں بارے دریافت کیا۔مریضوں اور تیمارداروں کی شکایات پر ایم ایس ڈاکٹر محمد طاہر کو معطل کرنے کا حکم دیدیا۔ ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی ہدایت کردی۔ انہوں نے تھانہ سٹی تونسہ کا بھی دورہ کیا۔ حوالات میں بند ملزمان سے گفتگو کی۔ وزیر اعلیٰ نے تھانے آنے والے سائلین کی فوری داد رسی کی ہدایت کردی۔انہوں نے کہاکہ تھانوں میں داد رسی کیلئے آنے والی شہریوں سے اچھا سلوک کیا جائے پولیس کو عوام کا خادم بن کر فرائض سرانجام دینا ہوں گے- وزیر اعلیٰ نے تونسہ شہر کا دورہ کیا، شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔ شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہارکیا۔ فرائض سے غفلت برتنے پر ایس ای پبلک ہیلتھ،ایس ڈی او پبلک ہیلتھ،ایکسین ہائی وے اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو معطل کردیا۔انہوں نے وارننگ دی کہ افسران اب کام کریں گے یا گھر جائیں گے ترقیاتی کاموں میں سست روی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی- عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے افسران کو عوام کیلئے کام کرنا پڑے گا عوام کو ریلیف نہ دینے والے افسران کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ۔ بہت برداشت کر لیا،اب عوام کو سہولتیں نہ دینے والے افسروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ پنجاب کے ہر ضلع میں جاؤں گا اور عوام کے مسائل خود حل کروں گا وزیر اعلیٰ نے تونسہ میں ریسکیو1122 سنٹر کا بھی دورہ کیا اور عملے سے گفتگو کی۔ تونسہ کے دورے کے بعد وزیراعلیٰ رات گئے ڈیرہ غازی خان پہنچے۔ ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔مریضوں اور انکے تیمارداروں سے سہولیات اور ادویات کی فراہمی بارے پوچھا۔ مریضوں کے تیمارداروں کی جانب سے ادویات اور تھر مامیٹر بازار سے منگوانے کی شکایات پروزیراعلیٰ سخت برہم ہوگئے۔ مشیر صحت محمد حنیف پتافی کو معاملہ کی انکوائری کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے بعد صبح 4 بجے ملتان پہنچے اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا ۔طبی سہولتوں کا جائزہ لیا انہوں نے کہا کہ کارڈیالوجی کی نئی ایمرجنسی کا کام جلد مکمل کرایا جائے گا- انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔