وزیراعلیٰ عثمان بزدار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر شدید برہم

Muhammad Dastagir 07 Mar, 2021 عالمی

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوامی مسائل فوری حل نہ کرنے اورفلاح عامہ کے منصوبوں میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی ہے اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات مختلف محکموں کے سیکرٹریزکو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مختلف محکموں کے تعینات سیکرٹریزکا اہم اجلاس منعقد ہوا۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے افسران کوکارکردگی بہتر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے ضروری ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی ہدایات میں کہا ہے کہ متعلقہ سیکرٹریز عوامی مسائل فوری حل کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں۔کوتاہی پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی- جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسران ڈلیور کریں اورفلاح عامہ کے منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات کے مطابق ڈلیورنہ کرنے والے افسر کوعہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔جونتائج نہیں دے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا۔دیانتدار اورفرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا-فلاح عامہ کی ہر سکیم کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ہوگی-عوامی منصوبوں کے لئے جاری فنڈز کو بروقت استعمال کیا جائے-انہوں نے کہاکہ منصوبوں میں بلا جواز تاخیر کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں -منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے افسران دفاتر سے باہر نکلیں اور فیلڈ میں جا کر خود جائزہ لیں -زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا، کام کر کے دکھانا ہوگا-انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے علیحدہ سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے-سیکرٹریٹ کے باعث جنوبی پنجاب میں بسنے والوں کو لاہورکے چکر نہ لگانا پڑیں۔افسران دلجمعی سے فرائض سرانجام دیں اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹری صحت،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹری بلدیات،سیکرٹری ہاؤسنگ،سیکرٹری اربن ڈویلپمنٹ اینڈپبلک ہیلتھ انجینئرنگ،سیکرٹری زراعت،سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ،سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ،سیکرٹری قانون، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،سیکرٹری آبپاشی،سیکرٹری تعلیم،سیکرٹری جنگلات اورایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔دریں اثناوزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں زچہ وبچہ کو معیاری علاج معالجے کیلئے نئے ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ اٹک،راجن پور، بہاولنگر، سیالکوٹ اورلیہ میں 28ارب روپے کی لاگت سے نئے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عوام کی بے لوث خدمت میرا مشن ہے، تکمیل کے لئے آخری حد تک جاؤں گا ۔سازشی عناصر پھرپنجاب میں ترقی کا سفر روکنے کے درپے ہیں،ان کی پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی اور نہ اب ہو گی۔تنقید برائے تنقید کرنے والے عوام کے مسائل کا حل نہیں چاہتے،عوامی مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا