نیب نے سندھ پولیس کے افسران کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات طلب کر لیں

Muhammad Dastagir 07 Mar, 2021 عالمی

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے 150 پولیس افسران کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں جن میں زیادہ تر اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) شامل ہیں۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ نیب نے اسٹیٹ بینک کو 25 فروری کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔ مرکزی بینک کو ارسال کردہ خط کا عنوان 'سندھ پولیس افسران اور دیگر کے خلاف بینک اکاؤنٹس انکوائری کی عمومی تلاش کی درخواست' تھا۔انسداد بدعنوانی کے ادارے نے مرکزی بینک سے درخواست کی کہ ان پولیس افسران کے بارے میں غیر ملکی بینکس کے ساتھ ساتھ مالیاتی اداروں سے تفصیلات اکٹھی کی جائیں۔ مذکورہ پیش رفت سے آگاہ ذرائع نے بتایا کہ نیب نے اسٹیٹ بینک سے درخواست کی کہ ان پولیس افسران کی جانب سے حال ہی میں یا 1985 سے لے کر اب تک جمع کروائی گئی رقوم، ان کے اکاؤنٹس، یا لاکرز کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔ اس کے علاوہ مرکزی بینک سے کسی بھی پولیس افسر یا اس کے متعلقہ کاروبار یا تیسرے فریق/کمپنی کو دی گئی بینک سہولت، خرید و فروخت یا غیر ملکی ترسیلات زر کی بھی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔