سکھر: کراچی سے لاہور جانے والی ’کراچی ایکسپریس‘ کی منڈو ڈیرو اور سانگی ریلوے سٹیشنز کے درمیان بوگیاں پٹری سے اترنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کی ابتدائی تفصیلات سے متعلق ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتے کو رات گئے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس اس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب منڈو ڈیرو اور سانگی ریلوے اسٹیشن کے درمیان اس کی 9 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔ سامنے آنے والی ابتدائی معلومات میں بتایا گیا تھا کہ 15 اپ کراچی ایکسپریس رات سوا ایک بجے کے قریب روہڑی جنکشن سے روانہ ہوئی تھی کہ جب ٹرین سانگی کے قریب پہنچی تو اس کی 9بوگیاں جس میں اے سی اور اکنامی کلاس کی کوچز شامل تھی وہ پٹری سے اتر گئیں۔