دھوکے بازاورخوفناک سمندری مخلوق کے بارے میں جانئیے

Muhammad Dastagir 27 Feb, 2021 دلچسپ وعجیب

نیویارک:آبی مخلوقات میں مچھلیوں کی کئی اقسام ایسی ہیں‌ جنھیں‌ آپ ‘دھوکے باز’ کہہ سکتے ہیں۔زیرِ آب بڑے چھوٹے کیڑے مکوڑوں یا مچھلیوں اور دوسری آبی مخلوقات سے اپنا پیٹ بھرنے کے لیے انھیں‌ دھوکے سے اپنے قریب بلانے میں‌ بنسی باز مچھلی (Angler Fish) مشہور ہے۔اینگلر فش کے سَر پر ٹھیک آنکھوں کے اوپر ایک قدرے لمبا چھڑی نما عضو لہراتا رہتا ہے جس کا سِرا گوشت کے چھوٹے سے لوتھڑے سے مشابہ ہوتا ہے۔ یہ چھڑی نما عضو چاروں طرف حرکت کرسکتا ہے اور اس کے سرے پر موجود گوشت کا لوتھڑا دور سے چھوٹا سا قابلِ شکار جانور دکھائی دیتا ہے۔ یہ مچھلی اپنے اسی عضو کی مدد سے دھوکا دے کر دوسرے شکاری جانوروں کو قریب آنے پر مجبور کرتی ہے۔ جب بنسی باز مچھلی کو بھوک ستاتی ہے تو وہ مخصوص طریقے سے اپنے اس عضو کو حرکت دینے لگتی ہے اور دوسری چھوٹی آبی مخلوق اس گوشت کے لوتھڑے کو چھوٹا شکار سمجھ کر جیسے ہی قریب آتی ہے، اس ‘دھوکے باز’ کا خوف ناک منہ کھلتا ہے اور اپنی بھوک مٹانے کے لیے آنے والا خود اس مچھلی کا کا نوالہ بن جاتا ہے۔ اس مچھلی کی مختلف اقسام ہیں جو دنیا بھر میں پائی جاتی ہیں۔