سانپ کی دہشت، دس خاندان فلیٹ چھوڑکرنقل مکانی پرمجبور

Muhammad Dastagir 17 Feb, 2021 دلچسپ وعجیب

جرمنی کے شہر کولون میں ایک زہریلے سانپ کی موجودگی نے متعدد افراد میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ اسی خوف کے باعث دس مختلف اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر خاندان وہاں سے عارضی طور پر منتقل ہو گئے۔حکام کے مطابق جس سانپ سے علاقے کے لوگوں میں خوف پیدا ہوا، وہ کیپ کورال قسم کا ایک زہریلا سانپ ہے۔ ابھی یہ چھوٹی جسامت اور کم عمر کا ہے۔ اس سانپ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی فائر بریگیڈ کا بیس رکنی عملہ سانپ کو ڈھونڈنے میں مصروف ہے۔ اس کے علاوہ جانوروں کو ریسکیو کرنے والے افراد بھی موقع پر موجود ہیں۔اس سانپ کی تلاش کے لیے کولون کے چڑیا گھر کے سانپ مرکز کے ایک ماہر کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر یہ سانپ متعلقہ عمارت سے باہر نکل گیا ہے، تو اس کے بچنے کے امکانات نا ہونے کے برابر ہیں کیونکہ باقی ماندہ جرمنی کی طرح کولون میں بھی ان دنوں شدید سردی ہے اور سرد موسم سانپ کو موافق نہیں آتا۔