سٹاک مارکیٹ میں تیزی، مزید5 حدیں بحال،اربوں کا فائدہ

Muhammad Dastagir 16 Feb, 2021 کاروبار

لاہور:پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے مسلسل دوسرے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ مزید 5 حدیں بحال ہو گئیں ۔سرمایہ کاروں کو ایک مرتبہ پھر 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت اعشاریے اثر انداز ہونے لگے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق جاری اجلاس کے دوران بھی مثبت اطلاعات نے سرمایہ کاروں کو ٹریڈنگ کے دوران دلچسپی لینے کی طرف راغب کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی 100 انڈیکس 567.23 پوائنٹس بڑھ گیا، 46 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہونے کے بعد انڈیکس 46375.59 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔ سرمایہ کاروں کو 90 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 280 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور اس کا تسلسل آگے جا کر بھی دیکھنے کو ملا، دوپہر بارہ بجے تک انڈیکس میں 392.15 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی تھی۔ ایک موقع پر انڈیکس میں تیزی کے باعث 46867.95 پوائنٹس کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی جس کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس کا اختتام 492.36 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا اور انڈیکس میں مزید 5 حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 46400، 46500، 46600، 46700، 46800 شامل ہیں جبکہ انڈیکس 46867.95 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.06 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور انڈیکس میں 22 کروڑ 47 لاکھ 87 ہزار 946 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔