رائے ونڈ ‘( اردو ویب نیوز ڈاٹ کوم ) نیشنل پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن میں ضم ہونے کا اعلان کر دیا ہے ۔آج یہاں رائے ونڈ لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور محمد شہبازشریف سے چئیرمین نیشنل پیپلزپارٹی غلام مرتضٰی جتوئی نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ملاقات کی اور ن لیگ کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی پارٹی ن لیگ میں ضم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس موقعہ پر محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعظم کو غیر قانونی غیر آئینی طور پر کسی افسر کو تبدیل نہیں کرنا چاہئے وہ اب بھی صدر آصف زرداری کے کہنے پر سب کچھ کر رہے ہیں۔چیئر مین نیشنل پیپلزپارٹی غلام مرتضٰی جتوئی نے سندھ کے تین صوبائی حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔ن لیگ سندھ کے رہنما غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات میں سندھ میں پیپلزپارٹی نے دھاندلی کے ریکارڈ توڑ دئیے۔